ملجم کوروٹ کی کنسٹرکشن
کراچی شپ یارڈ اینڈانجینئرنگ ورکس میں پاک بحریہ کے لیے چوتھی اور آخری ملجم کلاس کارویٹ کی کنسٹرکشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بطور مہمان خصوصی اس سے متعلق تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے ترک کمپنی اسفات کے تعاون سے کراچی شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے لیے ملجم کارویٹ کی بنیادرکھنے کو باعث فخر موقع قرار دیا۔ انہوں نے منسٹری آف ڈیفنس پروڈکشن ، پاکستان نیوی، کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس اور ترکی کی اسفات کے مابین تعاون ایک تاریخی موقع ہے جس کے تحت دو کارویٹس کی تعمیر پاکستان جبکہ دو کی تعمیر ترکی میں کی جا رہی ہے۔نیول چیف نے کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خودمختاری کی پالیسی کے تحت اور پاکستان میں جدید ترین جنگی جہاز کی تعمیر اطمینان بخش امر ہے۔ مقامی سطح پر کارویٹس کی تعمیر کا مقصد ملکی جہاز سازی کی صنعت کو فروغ دینا اور کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہے۔ ان جہازوں کی تعمیر جدید معیار کے مطابق کی جا رہی ہے اور یہ جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہوں گے جن میں سرفیس ، سب سرفیس اور فضا میں مار کرنے والے میزائل اور اینٹی سب میرین ہتھیار شامل ہیں۔ ان جہازوں کی شمولیت سے پاک بحریہ کی عسکری اور آپریشنل صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ واضح رہے کہ ، کراچی شپ یارڈ ، پاک نیوی اور ترکی ملکر اس پراجیکٹ کے تحت جناح کلاس شپ کی پہلی شپ کو پاکستان میں تیارکریں گے، یہ شپ ڈیزائن اور صلاحیت کے اعتبار سے ملجم کلاس کوروٹس سے مختلف ہونگی۔
Stay connected with us for the latest updates. Follow us on Facebook and Twitter.