شام اورمتحدہ عرب امارات میں قربت

شام اورمتحدہ عرب امارات میں قربت

 متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ نے دمشق میں منگل کے روز شامی صدر بشارالاسد سے ملاقات کی ہے۔اماراتی وزیرخارجہ کا دورۂ شام دونوں ملکوں کےدرمیان دوطرفہ تعلقات میں بہتری کا مظہر ہے۔ شامی ایوان صدر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شیخ عبداللہ بن زاید اور بشارالاسد نے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے نئے پہلووں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔ بیان کے مطابق اماراتی وزیرخارجہ نے کہا کہ یو اے ای شامی عوام کے ساتھ کھڑا ہوگا اوروہ اس بات میں یقین رکھتے ہیں کہ بشارالاسد کی قیادت میں شام جنگ کی مشکلات پر قابوپالے گا۔ یواے کے وزیر خارجہ شام میں گذشتہ ایک عشرے سے جاری خانہ جنگی کے دوران دمشق پہنچنے والے یواے ای کے سب سے اعلیٰ عہدہ دار ہیں۔اس خانہ جنگی کے دوران میں بیشترعرب ممالک نے بشارالاسد کے خلاف مسلح جدوجہد کرنے والےباغی گروپوں کی حمایت کی۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات شام کے ساتھ تعلقات کو معمول پرلانے کی کوششوں میں عرب ریاستوں میں پیش پیش رہا ہے۔اس نے اسی سال کے اوائل میں شام کوعرب لیگ میں دوبارہ شامل کرنے کا مطالبہ کیاتھا۔اس نے تین سال قبل دمشق میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول دیا تھا۔ تاہم یواے ای کے ایک قریبی اتحادی امریکا کا کہنا ہے کہ وہ بشارالاسد کے ساتھ تعلقات کو معمول پرلانے یاانھیں عالمی تنظیموں میں بحال کرنے کی کوششوں کی اس وقت تک حمایت نہیں کرتا ہے جب تک کہ شام میں جاری بحران کے سیاسی حل کے لیے کوئی مثبت پیش رفت نہیں کی جاتی ہے۔ یواے ای کا ایک اوراتحادی اسرائیل بھی شام پر کئی ایئر سٹرائیکس کرچکا ہے اور اسکا سلسلہ ابھی جاری ہے۔

Stay connected with us for the latest updates. Follow us on Facebook and Twitter.

error: Content is protected!!