عالمی یومِ بحر 2021کے موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف کا پیغام
آج،8جون 2021کو ہم عالمی یومِ بحر مناتے ہیں تاکہ سمندروں اور ساحلی علاقوں کی بہتری اور ترقی پر توجہ مرکوز کی جاسکے۔ کرہ ارض پر زندگی قائم رکھنے کا سب سے بڑا ذریعہ، سمندر، زمین کے لیے پھیپھڑوں کا کام کرتے ہیں کیوں کہ وہ زمین کی آکسیجن کی ضرورت کا 50فیصد سے زائد پیدا کرتے ہیں۔ سمندر سب سے زیادہ گرین ہاؤس گیسز اور کاربن ڈائی آکسائیڈ بھی جذب کرتے ہیں۔ زمین پر رونما ہونے والی تمام انسانی سرگرمیاں سمندروں اور اُن میں موجود تمام حیاتیات پر براہِ راست اثر انداز ہوتی ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے تحت عالمی سطح پر منائے جانے والے عالمی یومِ بحرکا مقصد لوگوں کو انسانی سرگرمیوں کے سمندروں پر اثرات سے آگاہ کرنا اور اُن سے حاصل شدہ فوائد کو پائیدار طور پراستعمال کرنے کے طریقے اور ذرائع ڈھونڈنا ہے۔
اقوامِ متحدہ کی جانب سے عالمی یومِ بحر 2021کے لیے منتخب کردہ موضوع ’سمندر: زندگی اورذریعہ معاش‘ ہے۔ یہ موضوع سمندروں سے انسانی زندگی کے رشتے کو کھوجنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ سمندر ہمارے موسموں کا اعتدال قائم رکھتے ہیں۔ زمین پر موجود پانی کا 97فیصد ہونے کے باعث، زمین پر برسنے والی تمام بارش کا ذریعہ بھی سمنددر ہی ہیں۔
عالمی یومِ بحر کے موقع پر ہم اُن تمام چیلنجز کی نشاندہی کرتے ہیں جو ہمارے سمندروں کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں یعنی آلودگی، حملہ آور آبی پر جاتیاں، شدید موسمی تبدیلیاں اور آبی جانداروں کو لاحق بقا کے خطرات۔ ہم خوراک کے لیے سمندروں پر انحصار کرتے ہیں۔ صرف ماہی گیری ہی، مچھلی پکڑنے سے لے کر صارف تک پہنچنے تک، نہ صرف اربوں افراد کی خوراک بنتی ہے بلکہ دنیا بھر میں کروڑوں نوکریاں مہیا کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔ انسانوں کی خوراک میں جانوروں سے حاصل پروٹین کا 15فیصد سمندری مچھلیوں پر منحصر ہوتا ہے۔ جیسے جیسے سمندروں کو لاحق خطرات بڑھ رہے ہیں، ویسے ہی ان چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لیے نئے حل تلاش کرنے کی ضرورت بھی بڑھتی جارہی ہے۔
عالمی یومِ بحر کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے، پاک بحریہ سمندری ذرائع کے محفوظ اور پائیدار استعمال کی آگہی پھیلانے میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔ اس سلسلے میں پاک بحریہ کے چند اہم اقدامات میں ساحلوں کی صفائی، ہاربر میں کچرا اکٹھا کرنے والی بارجز کی تعمیر، مینگرووزا گانے کی مہمات، نقصان دہ فشنگ نیٹ کے استعمال پر پابندی، سمندر میں تیل کی آلودگی کنٹرول کرنا اور سمندر میں فضلہ پھینکنے کی روک تھام کے لیے صنعتی شعبے کے ساتھ بات چیت شامل ہیں۔ اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالنے اور سمندروں کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے کئی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ COVID-19کی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے نیول کمانڈ کے تمام افراد کی بھرپور شرکت اس دن کے مقصد کی ترویج میں معاون ثابت ہوگی۔
اس دن، آئیں اپنے عزم کو دہرائیں کے سمندروں کو جو نقصان پہنچا ہے اُسے صحیح کریں اور سمندروں کو مزید نقصان پہنچنے سے بچائیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سمندر اور اس میں موجود جانداروں پر اثرانداز ہونے والے طریقوں کو تبدیل کریں۔ مل کر ہی ہم کرہ ارض پر زندگی کے ذریعے کے اس منبے کا تحفظ کر سکتے ہیں۔
Stay connected with us for the latest updates. Follow us on Facebook and Twitter.